جاپان میں پہلی خاتون وزیراعظم منتخب،سانائے تاکائچی نے تاریخ رقم کردی

جاپان کی سیاست میں نیا باب رقم ہو گیا ہے، سانائے تاکائچی ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہو گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے 465 ارکان میں سے 237 نے سانائے تاکائچی کے حق میں ووٹ دیا، یوں وہ واضح اکثریت کے ساتھ وزیراعظم منتخب ہو گئیں۔

سانائے تاکائچی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ٹی وی اینکر کیا، وہ ایک میوزک بینڈ میں ڈرمز بھی بجاتی تھیں۔ 1993 میں انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور آزاد امیدوار کے طور پر ایوانِ زیریں کی نشست جیتی۔

بعد ازاں 1996 میں وہ حکمران جماعت ایل ڈی پی میں شامل ہو گئیں اور اب تک دس بار پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہو چکی ہیں۔ وہ قدامت پسند سیاست میں ایک متحرک آواز سمجھی جاتی ہیں اور مختلف ادوار میں اہم وزارتوں، جیسے اقتصادی تحفظ، تجارت و صنعت، داخلہ اور مواصلات، پر کام کر چکی ہیں۔

سانائے تاکائچی نے 2021 اور 2024 میں وزارتِ عظمیٰ کے لیے کوشش کی مگر کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔ رواں سال تیسری کوشش میں انہوں نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ان کی کامیابی کو جاپان کی سیاسی تاریخ میں خواتین کی شمولیت کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔