غزہ سے مزید دو یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل منتقل، تعداد 15 تک جا پہنچی

غزہ:فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت مزید دو یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ریڈ کراس کے ذریعے یرغمالیوں کی لاشیں وصول کر لی گئی ہیں۔

دونوں لاشوں کو فرانزک میڈیسن کے نیشنل انسٹیٹیوٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی شناخت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد حماس اب تک ہلاک شدہ 28 مغویوں میں سے 13 کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر چکی ہے، جب کہ آج مزید دو لاشیں سپرد کیے جانے کے بعد یہ تعداد 15 ہو گئی ہے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حماس کی قید میں اب بھی 13 یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں جنہیں جنگ بندی کے جاری عمل کے دوران واپس لینے کی کوششیں جاری ہیں۔