لندن ،توشہ خانہ کیس سے متعلق الزامات پر برطانیہ میں ایک اہم قانونی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لندن ہائی کورٹ میں ہتکِ عزت کا کیس جیت لیا، جس کے بعد پاکستانی نجی ٹی وی چینل نے باضابطہ طور پر ان سے معافی مانگ لی۔
مریم نواز نے ’گلیکسی براڈکاسٹنگ نیٹ ورک یو کے‘ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا، جس نے 17 نومبر 2022 کو نشر ہونے والے ایک پروگرام میں ان پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے بیوروکریٹس کے ساتھ ملی بھگت کر کے توشہ خانہ سے گھڑی کم قیمت پر خریدی۔
پروگرام میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ مریم نواز نے دس لاکھ روپے مالیت کی گھڑی صرف پینتالیس ہزار روپے میں حاصل کی، تاہم عدالت میں چینل اپنی بات کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔
برطانیہ کی ہائی کورٹ میں مقدمے کی پیروی مریم نواز کے وکلاء نے کی، جن میں بیرسٹر ڈیوڈ لیمر، سعدیہ قریشی اور عشرت سلطانہ شامل تھیں۔
بعد ازاں، نجی ٹی وی چینل نے عدالت میں تحریری اور ویڈیو بیان کے ذریعے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ "ہم غلط معلومات کی بنیاد پر الزامات نشر کرنے پر مریم نواز سے معذرت خواہ ہیں اور تسلیم کرتے ہیں کہ یہ الزامات بے بنیاد تھے۔”
یہ فیصلہ مریم نواز کے لیے ایک بڑی قانونی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جسے پاکستان اور برطانیہ دونوں میں میڈیا حلقوں نے نمایاں طور پر رپورٹ کیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos