فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: پاکستان کے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 94 رنز

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنالیے ہیں۔

پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 404 رنز بناکر پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کی تاہم پاکستان نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بناکر میچ میں 23 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

تیسرا روز

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن آصف آفریدی نے بغیر کسی رن کے اضافے کے ڈیوالڈ بریوس کو پویلین بھیج دیا۔

اس کے بعد آصف آفریدی نے کائل ویرائن اور سیٹ بیٹر ٹریسٹن سٹبس کو بھی آؤٹ کر کے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 5 شکار مکمل کیے، مارکو جینسن کو نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

8 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد سینورن میتھوسامی اور کیشو مہاراج نے شاندار بیٹنگ کی اور 71 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ میتھو سامی نے ربادا کے ساتھ ملکر بھی قیمتی 98 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کا سکور 404 رنز تک پہنچایا۔

کگیسو ربادا 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر آصف آفریدی کا چھٹا شکار بنے جبکہ میتھوسامی 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ٹیل اینڈرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، مہمان ٹیم نے آخری 3 وکٹوں پر 194 رنز کا اضافہ کیا اور پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئیں اور ایک ایک کھلاڑی کو شاہین آفریدی اور ساجد خان نے آؤٹ کیا۔

آصف آفریدی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے لیفٹ آرم سپنر بھی بن گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن ثابت ہوا، اوپنر بلے باز امام الحق 9 اور عبداللہ شفیق 6 رنز جبکہ کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، سعود شکیل 11 رنزبناکر آؤٹ ہوئے تاہم بابر اعظم 49 اورمحمد رضوان 16 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔