مقبوضہ مغربی کنارہ اسرائیل میں ضم؟ کنیسٹ کا متنازعہ بل منظور

یروشلم: اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے غیر قانونی بل کی ابتدائی منظوری دے دی۔

عرب میڈیا کے مطابق 120 نشستوں والی کنیسٹ میں بل کے حق میں 25 جبکہ مخالفت میں 24 ووٹ ڈالے گئے۔ بل کو مزید غور کے لیے خارجہ امور و دفاعی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب نے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مملکت ہر قسم کی غیر قانونی آبادکاری اور توسیع پسندانہ عزائم کو مسترد کرتی ہے۔ قطر نے بھی اس اقدام کو فلسطینی عوام کے حقوق سلب کرنے کی کوشش قرار دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ایسے اقدامات سے روکے۔

یہ ووٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اسرائیل کے دورے پر ہیں تاکہ غزہ میں جاری جنگ بندی کو مستحکم کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دیں گے۔