میگزین رپورٹ:
پرتگالی اسٹار کرسیٹانو رونالڈو نے بھارتیوں کو رلا دیا۔ گزشتہ روز گوا مقابلے میں النصر کلب نے اپنے سب سے مہنگے اور قیمتی اثاثے کو بھارت لانے سے انکار کر دیا۔ جبکہ ارجنٹائن نے بھی دنیا کے دوسرے مہنگے ترین فٹبالر لیونل میسی کے استقبال کیلئے بھارتی اقدامات کو ناکافی قرار دیدیا ہے۔ جس کی وجہ سے مودی سرکار کو عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست گوا میں فٹ بال کا منظر نامہ رونالڈو کی آمد کے پیش نظر ایک مذہبی عقیدت کا رنگ اختیار کر چکا تھا۔ جب بھارتی کلب ایف سی گوا اور سعودی دیو قامت النصر کلب کے درمیان اے ایف سی چیمپئنز لیگ کا مقابلہ طے پایا تو جیسے گوا میں ایک عالمی میلے کا اعلان ہو گیا ہو۔ گوا میں اس تاریخی مقابلے کیلئے بھارت بھر میں بڑے پیمانے پر میڈیا مہم شروع کی گئی اور رونالڈو کے استقبال کیلئے حکومتی سطح پر بھی بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئیں۔ گوا میں واقع جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم کیلئے مختص کیے گئے تقریباً 25 ہزار ٹکٹ محض منٹوں میں فروخت ہو گئے۔ یہ جنون یہیں نہیں رکا۔ بلکہ بعض دیوانے مداحوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے سب سے مہنگے 25 سو روپے کے ٹکٹ بلیک مارکیٹ میں 50 ہزار روپے تک میں حاصل کیے۔
ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہزاروں پرستاروں نے رونالڈو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے دو ہفتے پہلے ہی گوا میں ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ لیکن تمام تر ترغیبات، ہوٹل بکنگز اور بھرپور تیاریوں کے باوجود النصر کلب انتظامیہ نے میچ سے محض ایک دن قبل ہی اعلان کردیا کہ کرسٹیانو رونالڈو اس دورے کیلئے سفر نہیں کریں گے۔ ان کی غیر موجودگی کی وجہ ان کے معاہدے کے تحت ورک لوڈ مینجمنٹ کو قرار دیا گیا۔ لیکن میچ سے ایک روز قبل یہ اعلان گوا میں موجود ہزاروں مداحوں اور ان تمام لوگوں کیلئے دھچکا ثابت ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعہ کے بعد کیرالہ میں لیونل میسی کے متوقع دورے پر بھی غیر یقینی کے گہرے بادل چھا گئے ہیں۔ ہسپانوی میڈیا آئوٹ لٹ لا ناسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کا نومبر 2025ء میں کیرالہ کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے حکام نے منسوخی کی وجہ میزبان کی جانب سے ضروری تقاضے پورے نہ کرنا اور معاہدے کی خلاف ورزی کو قرار دیا ہے۔
کیرالہ کی ریاستی وزارت کھیل کے حکام نے کہا ہے کہ وہ ارجنٹائن اور آسٹریلیا کی ٹیموں کا خیر مقدم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ لیکن یہ یقینی نہیں کہ لیونل میسی خود ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ تاہم منتظمین ٹکٹ فروخت کرنے کیلئے مسلسل میسی کی آمد کا دعویٰ کررہے ہیں اور میچ منسوخی کی رپورٹس کو بے بنیاد افواہیں قرار دے رہے ہیں۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق رونالڈو کا گوا مقابلے میں نہ آنے کا فیصلہ ان کے النصر کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ پرتگالی اسٹار اگلے برس کے ورلڈ کپ سے قبل اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور ہندوستان تک لمبے سفر سے بچنا چاہتے ہیں۔ کرسیٹانو رونالڈو اس وقت دنیا کے سب سے مہنگے ترین فٹبالر ہیں۔ وہ سعودیہ میں قیام کے دوران النصر کلب سے فی منٹ ڈیڑھ لاکھ روپے چارج کرتے ہیں۔ رونالڈو نے جون 2025ء میں النصر کے ساتھ اپنے معاہدے میں 2027ء تک توسیع کی ہے، جس کی مجموعی مالیت 400 ملین ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ان کے معاہدے میں کلب میں 15 فیصد ملکیت کا حصہ بھی شامل ہے۔
رونالڈو کی سالانہ مجموعی آمدنی 275 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ انہیں نائیکی، ارمانی، ٹیگ ہیویر اور بائیننس جیسے بڑے برانڈز کی جانب سے بھاری رقوم ادا کی جاتی ہیں۔ ان کا اپنا برانڈ CR7 ان کی کمائی کا ایک اور بڑا ذریعہ ہے۔ یہ برانڈ ہوٹلوں، فیشن لائنز، پرفیومز، جم اور انسپائریا کے نام سے ہیئر ٹرانسپلانٹ کلینکس کی ایک چین پر مشتمل ہے، جو ان کی مالیاتی سلطنت کو بڑھا رہا ہے۔ چالیس سالہ پرتگالی اسٹار نے مزید تین برس فٹبال کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos