اسرائیل نےمصری ٹیم کوغزہ میں داخلے کی اجازت دے دی

تل ابیب: اسرائیل نے ہلاک یرغمالیوں کی تلاش میں تعاون کے لیے مصری تکنیکی ٹیم کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی منظوری کے بعد کیا گیا۔

اسرائیلی حکومت کے ترجمان کے مطابق ریڈ کراس اور مصری ٹیموں کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی ییلو لائن کے پار جا کر یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش کی اجازت دی گئی ہے، تاہم اسرائیل غزہ کی پٹی پر مکمل سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ اجازت صرف تکنیکی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی گئی ہے، تاکہ ہلاک ہونے والے یرغمالیوں کی باقیات کو تلاش کیا جا سکے۔

دوسری جانب نیتن یاہو نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل اپنی سکیورٹی خود کنٹرول کرتا ہے اور یہ فیصلہ بھی اسرائیل ہی کرے گا کہ غزہ میں کون سی بین الاقوامی قوتیں تعینات ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لیے ناقابل قبول عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔