لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک،ائیر انڈیکس 420 ریکارڈ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی شدت میں کمی نہ آ سکی۔ صبح کے اوقات میں لاہور کی فضا ایک بار پھر زہریلی حد تک آلودہ پائی گئی۔

عالمی ماحولیاتی ادارے آئی کیو ائی کے مطابق لاہور دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں آج بھی پہلے نمبر پر ہے، جہاں ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) 420 تک پہنچ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خطرناک سطح کے اس ائیر انڈیکس کے باعث شہریوں کو سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے ماسک کے استعمال اور غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی معیار تشویشناک ہے، فیصل آباد میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 622، ملتان میں 485، اور بہاولپور میں 255 ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب عالمی درجہ بندی میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، ڈھاکا تیسرے اور کلکتہ چوتھے نمبر پر رہے، جبکہ کراچی 165 اے کیو آئی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ ہفتوں میں لاہور اور دیگر شہروں میں فضائی آلودگی مزید سنگین صورت اختیار کر سکتی ہے۔