فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باعث یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملے یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش اور حوالگی کے عمل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے گزشتہ روز ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کی وجہ سے یہ عمل مؤخر کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی بمباری کو شرم الشیخ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ رفح کراسنگ کی مسلسل بندش بھی اس بات کی علامت ہے کہ اسرائیل معاہدے کی شرائط کو پامال کرنے اور سبوتاژ کرنے پر تُلا ہوا ہے۔
حماس نے جنگ بندی کے ضامن ممالک سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اسرائیل پر دباؤ ڈال کر حملے بند کرائے جائیں اور معاہدے کی تمام شقوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos