امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود معمولی جھڑپیں متوقع تھیں اور اسرائیلی ردِعمل کی پیش گوئی کی جا سکتی تھی۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ حماس یا غزہ میں موجود کسی اور گروپ نے اسرائیلی فوجی پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی کی توقع تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ “جنگ بندی برقرار ہے، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ مکمل خاموشی رہے، کبھی کبھار جھڑپیں ہو سکتی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امن برقرار رکھنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب حماس نے رفح کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ فلسطینی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حالیہ حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حکم پر غزہ پر فضائی حملے کیے گئے، جن میں 20 فلسطینی شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos