برازیل میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن،64 ہلاک،81 گرفتار

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں سیکیورٹی اداروں نے منشیات فروشوں کے خلاف ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 64 افراد ہلاک اور 81 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کارروائی میں 2500 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں پولیس، فوج اور اسپیشل فورسز شامل تھیں۔ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹرز، بکتر بند گاڑیاں اور جدید اسلحہ بھی استعمال کیا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں منشیات اور غیر قانونی ہتھیار برآمد کیے گئے۔

حکام کے مطابق، اس آپریشن کا مقصد ان گینگز کے نیٹ ورکس کو توڑنا تھا جو طویل عرصے سے ریو ڈی جنیرو میں منشیات کی اسمگلنگ اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ گورنر ریو ڈی جنیرو نے کہا کہ یہ آپریشن ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا اور فیصلہ کن اقدام ہے۔

دوسری جانب، انسانی حقوق کی تنظیموں نے آپریشن کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ریو ڈی جنیرو میں ماضی میں بھی کئی بڑے پولیس آپریشنز کیے جا چکے ہیں، تاہم اس بار کی کارروائی کو "برازیل کی حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا اور شدید آپریشن” قرار دیا جا رہا ہے۔