نئی دہلی،فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے مصنوعی بارش کا مہنگا تجربہ ناکام

نئی دہلی میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بھارتی حکومت کی جانب سے کلاؤڈ سیڈنگ کے ذریعے مصنوعی بارش کروانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ شہر کے کسی بھی حصے میں بارش نہ ہونے پر اپوزیشن اور سوشل میڈیا صارفین نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 1 کروڑ 28 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، تاہم نتیجہ صفر رہا۔ کلاؤڈ سیڈنگ کے دوران مخصوص طیاروں کے ذریعے دہلی کے مختلف علاقوں میں ’’سلور آئیوڈائیڈ‘‘ سے بھرے شعلے فضا میں چھوڑے گئے، مگر دونوں تجربات بارش برسانے میں ناکام رہے۔

اس منصوبے کی ناکامی پر عام آدمی پارٹی نے بی جے پی حکومت پر سرکاری وسائل ضائع کرنے کا الزام عائد کیا۔ اپوزیشن رہنما سوربھ بھاردواج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس تجربے کے بعد جو چند بادل موجود تھے، وہ بھی غائب ہوگئے۔‘‘

واضح رہے کہ دہلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے، جہاں ہر سال سردیوں کے موسم میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ جاتی ہے۔