نئی دہلی: بھارت نے اپنا اب تک کا سب سے وزنی مواصلاتی سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ مدار میں روانہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق سی ایم ایس-03 (CMS-03) نامی یہ سیٹلائٹ پورے بھارت اور اس کے ارد گرد موجود سمندری علاقوں میں مواصلاتی خدمات فراہم کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ کا وزن تقریباً 4 ہزار 410 کلوگرام ہے اور اسے ریاست آندھرا پردیش کے جنوبی علاقے سری ہری کوٹا سے خلا میں بھیجا گیا۔
بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے مشن کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا خلائی شعبہ دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند کر رہا ہے اور یہ پیش رفت سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
حکام کے مطابق یہ سیٹلائٹ بھارت کے مواصلاتی نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرے گا اور اس کی کوریج خصوصاً سمندری حدود تک بڑھا دے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos