کھٹمنڈو: نیپال میں برفانی تودہ گرنے سے 7 کوہ پیما ہلاک ہو گئے۔
ایکسپڈیشن ایجنسی سیون سمٹ ٹریکس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ کم از کم سات کوہ پیما جن میں پانچ غیر ملکی اور دو نیپالی شامل ہیں نیپال کے شمال مشرق میں واقع ایک ہمالیائی چوٹی پر برفانی تودہ گرنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ
واقعہ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے یالونگ ری پہاڑ کے بیس کیمپ کے قریب ضلع دولاخا میں پیش آیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے دو لاشیں برآمد کر لی ہیں جبکہ باقی پانچ کی تلاش جاری ہے، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ برف میں دب گئے ہیں۔اس حادثے کا شکار ہونے والے آٹھ دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے اور انھیں ابتدائی طبی امداد کے لیے دارالحکومت کٹھمنڈو منتقل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی پولیس کے سربراہ نے بتایا تمام کوہ پیما اس گروپ کا حصہ تھے جو برفانی تودہ گرنے سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے روانہ ہوا تھا۔
سیون سمٹ ٹریکس کے چیئرمین منگما شرپا نے بتایا کہ باقی پانچ ہلاک ہونے والے کوہ پیماؤں کی لاشیں ممکنہ طور پر برف کے نیچے 10 سے 15 فٹ گہرائی میں ہو سکتی ہیں۔ان کے مطابق ’انھیں تلاش کرنے میں وقت لگے گا۔‘
ہلاک ہونے والوں میں دو اطالوی، ایک کینیڈین، ایک جرمن، ایک فرانسیسی اور دو نیپالی گائیڈز شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos