اے آئی پر مبنی ترقی کے لیے ایکو سسٹم تشکیل دینا ہوگا،وزیر خزانہ

کراچی: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گوگل پاکستان کو ایکسپورٹ حب بنانے کا منصوبہ بنانا چاہتا ہے، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور پیداوار پر مبنی ترقی ہی پائیدار راستہ ہے۔

فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبہ معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، آئی ٹی اور میری ٹائم سیکٹرز پر حکومت کا فوکس ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا ہے جبکہ کارپوریٹ منافع میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قومی آمدن بڑھانے کے لیے ٹیکس نیٹ میں 9 لاکھ نئے فائلرز شامل کیے گئے ہیں، ڈیجیٹائزیشن سے معیشت میں شفافیت آئے گی، مصر نے ایف بی آر اصلاحات سے سیکھنے کی درخواست کی ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں، اے آئی پر مبنی ترقی کے لیے ایکو سسٹم تشکیل دینا ہوگا، بلیو اکانومی میں بھی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے 24 سرکاری ادارے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پی آئی اے کی نجکاری سال کے اختتام سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔