دنیا بھر میں کشمیری آج یومِ شہدائے جموں منا رہے ہیں

 

اسلام آباد: پاکستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں مقیم کشمیری آج یومِ شہدائے جموں عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔

یہ دن اُن لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو نومبر 1947 کے ابتدائی دنوں میں جموں میں ہندو انتہا پسندوں کے حملوں میں شہید ہوئے۔ اس سانحے میں مردوں، خواتین اور بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

یومِ شہدائے جموں کشمیری عوام کے لیے تجدید عہد کا دن ہے، جب وہ اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم جاری ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور جموں کے قتل عام کو نسل کشی کے طور پر تسلیم کریں۔