تصویر ہیومن رائٹس واچ

سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن پکڑنے کیلئے کیمرے نصب

سعودی عرب کے حکام نے اعلان کردیا ہے کہ ملک میں غیرقانونی تارکین وطن کو پکڑنے کیلئے کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں اور ان کیمروں کے ذریعے تارکین وطن کو پکڑا جائے گا۔ گرفتاری اور سزا سے بچنے کیلئے غیرقانونی تارکین وطن اپنے آپ کو خود ڈی پورٹ کرا سکتے ہیں۔

سعودی گزٹ نے اس حوالے سے ایک طویل مضمون ڈھکے چھپے الفاظ میں شائع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کا امیگریشن سے ادارہ جوازات ایک "اسمارٹ ٹریک” نظام بھی متعارف کرانے جا رہا ہے، جو ہوائی اڈوں اور سرحدی چوکیوں پر مسافروں کی شناخت جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طور پر کرے گا۔ یہ کیمرے بیک وقت 35 افراد کی شناخت کی تصدیق کر سکتے ہیں، جس سے پاسپورٹ کنٹرول پر عملے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

جوازات کے قائم مقام سربراہ میجر جنرل صالح المربعہ ساتھ ہی اعلان کیا کہ مملکت بہت جلد ایک نیا ڈیجیٹل نظام "سیلف ڈیپورٹیشن پلیٹ فارم” متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے ذریعے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد خود اپنی ملک بدری کا عمل مکمل کر سکیں گے۔

میجر جنرل صالح المربعہ نے یہ اعلان ریاض میں منعقدہ ڈیجیٹل گورنمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ جوازات حکام "ڈیجیٹل ٹوئنز” نامی نئی ٹیکنالوجی بھی متعارف کرانے جا رہے ہیں جو ہجوم کی نقل و حرکت، مسافروں کے انتظار کے اوقات اور خدمات کے معیار کی نگرانی کے لیے استعمال ہوگی۔ یہ نظام گزشتہ حج سیزن 1445 ہجری کے دوران آزمائشی طور پر استعمال کیا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم پرانے اور وقت طلب طریقہ کار کی جگہ لے گا جو رہائشی، مزدوری اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی ملک بدری کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ پلیٹ فارم کے سیکیورٹی، تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کو حتمی شکل دینے کے بعد اسے فعال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے غیر قانونی افراد خود آن لائن پلیٹ فارم پر جا کر اپنے سفری مراحل مکمل کر سکیں گے اور انہیں کسی دفتری کارروائی یا افسران سے براہِ راست رابطے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ روانگی کے تمام مراحل خودکار بنائے جائیں گے تاکہ مسافروں کو ایئرپورٹس پر پاسپورٹ کنٹرول سے گزرنے کی ضرورت نہ رہے۔ اس مقصد کے لیے اسمارٹ ڈیوائسز اور ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے خودکار تصدیق کا نظام فعال کیا جائے گا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ مملکت دوسرے ممالک کے ساتھ مسافروں کے ڈیٹا کے تبادلے کے لیے "یونائیٹڈ گیٹ وے” کے قیام پر بھی کام کر رہی ہے، جس سے مسافروں کی نقل و حرکت کا ریکارڈ خودکار طور پر منتقل کیا جا سکے گا۔

آخر میں میجر جنرل صالح نے بتایا کہ "ابشر” پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 100 سے زائد ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جا چکی ہیں جن سے 2024 میں 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد نے فائدہ اٹھایا۔ ان کے مطابق، جوازات کا ہدف مملکت کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے "اسمارٹ گیٹ ویز” میں تبدیل کرنا ہے۔