امریکا اوراقوام متحدہ نے شامی صدر اور وزیر داخلہ پر پابندیاں ختم کردیں

واشنگٹن/نیویارک: امریکی محکمہ خزانہ نے شامی صدر احمد الشراع کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست سے نکال دیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شامی صدر اور وزیر داخلہ انس خطاب پر عائد پابندیاں بھی ہٹا دی ہیں۔

پاکستان نے امریکی پیش کردہ قرارداد کی حمایت کی، جس کے نتیجے میں سلامتی کونسل نے شامی صدر اور وزیر داخلہ کے نام داعش اور القاعدہ کی پابندیوں کی فہرست سے خارج کرنے کے لیے مسودہ قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد کے حق میں 14 ووٹ پڑے، مخالفت میں کسی نے ووٹ نہیں دیا جبکہ چین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مضبوط سیاسی اشارہ ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ شام ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ شامی صدر اور وزیر داخلہ سے پابندیاں ہٹنے سے شامی عوام کو ترقی کے مواقع مل سکتے ہیں۔

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھی اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور اسے شام کے آگے بڑھنے کے سفر کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

واضح رہے کہ یہ اقدام اُس ملاقات سے قبل کیا گیا ہے جو شامی صدر الشراع اور امریکی صدر کے درمیان آئندہ ہفتے طے ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔