پاکستان نے فیصلہ کن میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیریز جیت لی

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 37.5 اوورز میں صرف 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 53، یوہان ڈی پریٹوریس نے 39، جبکہ پیٹر اور میتھیو برٹزکی نے 16، 16 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے 144 رنز کا ٹارگٹ صرف 26ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر صائم ایوب نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بابر اعظم نے 27 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان 32 اور سلمان علی آغا 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

سیریز کے آخری میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں — نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ ابرار احمد اور حارث رؤف کو موقع دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلا ون ڈے جیتا تھا، جبکہ دوسرا میچ جنوبی افریقہ کے نام رہا تھا، تاہم تیسرے میچ میں فتح کے بعد پاکستان نے سیریز اپنے نام کرلی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔