فلپائن کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں سپر ٹائیفون فونگ وون کی شدت کے باعث اتوار کو ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ طوفان کے نتیجے میں شدید بارشیں، تیز ہوائیں اور طوفانی لہریں متوقع ہیں۔
فلپائن کے مختلف علاقوں میں طوفانی الرٹ سگنلز جاری کیے گئے ہیں۔ سب سے شدید انتباہ سگنل نمبر 5 جنوب مشرقی لوزون کے ساحلی علاقوں میں جاری کیا گیا ہے، جبکہ میٹرو منیلا اور آس پاس کے علاقے سگنل نمبر 3 کے تحت ہیں۔
فونگ وون میں 185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی مستحکم ہوائیں اور 230 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکڑ شامل ہیں۔ طوفان اتوار کی رات کو وسطی لوزون کے آورا صوبے میں لینڈ فال کرنے کا امکان ہے۔
مشرقی ویسا یاس کے کچھ علاقوں میں پہلے ہی بجلی کی بندشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ کوسٹ گارڈ کی تصاویر میں کیمارینس سور میں لوگوں کو کشتیوں اور ٹرکوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل ہوتے دیکھا گیا۔
سول ایوی ایشن ریگولیٹر کے مطابق ملکی اور بین الاقوامی سطح پر 300 سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں شدید طوفانی حالات، ابر آلود آسمان، جھڑتے درخت اور بارش کی شدت دیکھی جا سکتی ہے۔
فونگ وون فلپائن پہنچنے سے قبل کالمیگی طوفان سے متاثر ہوا تھا، جس میں 204 افراد ہلاک اور وسیع نقصان ہوا، جبکہ ویتنام میں بھی پانچ افراد ہلاک اور ساحلی علاقوں کو شدید نقصان پہنچا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos