پیپلزپارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا

پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے اور فیصل راٹھور کو نئے وزیراعظم کے لیے اپنا امیدوار نامزد کر دیاہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں،ہم آزاد کشمیر میں حکومت بنائیں گے۔

صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے گولڈن نمبر 27 ہے لیکن ن لیگ کی حمایت سے ہمارے پاس 40 کی تعداد ہے۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی آزاد کشمیر فیصل راٹھور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے،یہ مختصر مدت کی حکومت کوئی پھولوں کی سیج نہیں ہوگی۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ  پیر کے روز تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جائے گی، فیصل راٹھور کو تجربہ ہے وہ اچھے اندار میں ایوان چلائیں گے۔

 

فیصل راٹھور کون ہیں؟

 

فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم ممتاز حسین راٹھور کے فرزند ہیں، جبکہ ان کی والدہ بیگم فرحت راٹھور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر رہ چکی ہیں۔ راٹھور خاندان کو آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے بانی خاندانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

 

فیصل راٹھور نے  گریجویشن پنجاب یونیورسٹی سے مکمل کی۔ ان کے والد ممتاز حسین راٹھور نے 1975 کے انتخابات کے بعد سینیئر وزیر، 1990 میں وزیراعظم، 1991 میں قائدِ حزبِ اختلاف اور 1996 میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دیں۔

 

ممتاز حسین راٹھور کی وفات کے بعد 1999 میں ان کے بڑے صاحبزادے مسعود ممتاز راٹھور بقیہ مدت کے لیے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ فیصل راٹھور نے 2006 میں پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے حلقہ حویلی کہوٹہ سے الیکشن میں حصہ لیا۔

 

2011 کے انتخابات میں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور چوہدری عبدالمجید کی کابینہ میں وزیر اکلاس اور وزیر برقیات کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

 

فیصل راٹھور نے 2016 کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ اور ایک معاہدے کے تحت پارٹی رہنما خواجہ طارق سعید کو میدان میں اتارا تاہم انہیں شکست ہوگئی۔

 

فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل ہیں۔ 2021 کے انتخابات میں وہ دوسری بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ایوان میں موثر اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔

 

2023 میں حکومت کی تبدیلی کے بعد انہوں نے چوہدری انوار الحق کی اتحادی حکومت میں وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دیں اور عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی کی سربراہی بھی کی۔

 

فیصل ممتاز راٹھور اپنی بردباری، نرم مزاجی اور بے داغ شہرت کے باعث سیاسی و عسکری حلقوں، عوامی ایکشن کمیٹی اور عوام میں یکساں مقبول ہیں۔ پارٹی قیادت انہیں بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کا نہایت قابلِ اعتماد ساتھی سمجھتی ہے، جبکہ وہ پارٹی کے نظریاتی اور متوسط طبقے کے نمائندہ رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔