نیتن یاہو۔ فائل فوٹو

اسرائیلی رائے عامہ واضح طورپر نیتن یاہوکے خلاف

ایک سروے سے انکشاف ہواہے کہ اسرائیل میں رائے عامہ واضح طورپر نیتن یاہو کے خلاف ہوچکی ہے۔یہ تاثر زور پکڑگیا ہے کہ وزیراعظم کا احتساب ہونا چاہیے۔ غزہ امن منصوبے کے تحت بین الاقوامی سکیورٹی فورس تعینات کرنے کی تجویز پر بھی شدید تحفظات سامنے آئے ہیں۔

44 فی صد اسرائیلیوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو بد عنوانی کے مقدمات میں معافی دینے کی مخالفت کردی۔39فی صد اس امر کے حامی ہیں کہ مواخذہ نہ کیا جائے ا۔

یہ سروے ایک نجی ادارےنے کیا جسے اسرائیلی اخبار’’معاريف‘‘نے شائع کیا۔ سروے میں 500 اسرائیلی شہری شامل تھے۔

بدھ کے روز ٹرمپ نے اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کو ایک خط بھیجا تھاجس میں کہا گیا کہ میں آپ سے بنیامین نیتن یاہو کو مکمل معافی دینے کی درخواست کرتا ہوں۔یہ بات اسرائیلی صدر کے دفتر کے بیان میں بتائی گئی۔

نیتن یاہو کے خلاف بد عنوانی، رشوت اور اختیارات کے غلط استعمال کے تین مقدمات چل رہے ہیں، جن کی سماعت 2020 سے جاری ہے۔

سروے کے مطابق 67 فی صد اسرائیلیوں نے 7 اکتوبر 2023 کے واقعات پر ایک سرکاری تحقیقی کمیشن بنانے کی حمایت کی، جس کے ارکان کا تقرر سپریم کورٹ کے صدر کریں۔23 فی صد نے اس کی مخالفت کی۔ 10 فی صد نے کوئی رائے نہیں دی۔

واضح رہے کہ7 اکتوبر 2023 کو حماس نے غزہ کی سرحد سے ملحقہ 22 بستیوں اور 11 فوجی اڈوں پر حملہ کیا تھا، جس میں متعدد اسرائیلی مارے گئے یا قید ہوئے۔

اسرائیلی حکومت نیتن یاہو کی سربراہی میں اس واقعے کی سرکاری تحقیقات کے لیے کسی کمیشن کے قیام کی مخالف ہے، کئی سکیورٹی، فوجی اور سیاسی شخصیات اسے عسکری اور سیاسی ناکامی قرار دیتے ہیں۔

سروے کے مطابق 51 فی صد اسرائیلیوں کا ماننا ہے کہ غزہ میں کسی غیر ملکی فوج کی موجودگی صیہونی ریاست کی سکیورٹی کو نقصان پہنچائے گی۔

سروے میں سیاسی منظرنامے کے بارے میں بتایا گیا کہ اگر آج انتخابات ہو جائیں تو اسرائیلی اپوزیشن 62 نشستیں حاصل کرے گی، نیتن یاہو کے حامی حکومتی اتحاد کو 48 نشستیں ملیں گی، عرب ارکان 10 نشستیں لیں گے۔

اسرائیل میں حکومت بنانے کے لیے 120 میں سے کم از کم 61 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

مستقبل قریب میں انتخابات کے آثار نظر نہیں آتے، کیونکہ نیتن یاہو قبل از وقت انتخابات کرانے کے مخالف ہیں۔ موجودہ مقننہ کی مدت اکتوبر 2026 میں ختم ہو گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔