قومی کرکٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران بہتر پرفارم نہ کرنے کے باوجود وہ تنقید کرنے والوں کو جواب دینے کی بجائے اپنی توجہ صرف کرکٹ کھیلنے اور گراؤنڈ میں پرفارم کرنے پر مرکوز رکھیں گے۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ مشکل وقت گزرا، تاہم میں نے اپنی فٹنس، بیٹنگ اور فیلڈنگ پر کام کیا اور مشکل وقت میں بھی اپنے اوپر اعتماد رکھا۔
بابر اعظم نے کہا کہ مداحوں کی سپورٹ نے انہیں حوصلہ دیا اور سنچری اسکور کرنے کے بعد اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا فوکس ہمیشہ گراؤنڈ پر بہترین پرفارمنس دینے پر ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے سنچری اسکور کر کے سعید انور کا قومی ریکارڈ برابر کر دیا۔ سعید انور نے پاکستان کے لیے 244 اننگز میں 20 ون ڈے سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بابر اعظم نے صرف 136 اننگز میں اپنی 20 ویں ون ڈے سنچری مکمل کر کے کم سے کم اننگز میں 20 سنچریاں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos