اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں سلسلہ وار جاری ہیں، اور تازہ کارروائی میں مزید تین فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اتوار کے روز جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مشرقی علاقے پر فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد شہید ہوئے۔
اسرائیلی حملوں کا دائرہ کار غزہ شہر کے زیتون محلے اور رفح کے مضافات تک بھی پھیلایا گیا، جہاں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ 10 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 274 سے زائد فلسطینی شہید اور تقریباً 1500 عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں بھی ایک فلسطینی کو اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی امن فورس نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی ٹینک سے ان کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث یو این اہلکاروں کو غلطی سے مشتبہ افراد سمجھا گیا۔
اسی دوران اسرائیلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے گا، جبکہ عوام حکومت سے واقعات کی مکمل جانچ کے لیے ریاستی سطح پر کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو سال کی اس جنگ میں اب تک اسرائیلی حملوں میں 69 ہزار 400 سے زائد فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos