مائیکروسافٹ نے کام کی جگہوں پر مصنوعی ذہانت کے بڑھتے استعمال کو محفوظ اور قابلِ نگرانی بنانے کے لیے ‘مائیکروسافٹ ایجنٹ 365’ نامی نیا ٹریکر متعارف کرادیا ہے، جس کا مقصد مستقبل میں دفتری کام انجام دینے والے اے آئی ایجنٹس پر براہِ راست کنٹرول قائم رکھنا ہے۔ ایسے کچھ ایجنٹس کے باغی ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں صرف انسانی ملازمین کو ہی نگرانی کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس کو بھی باقاعدہ منیجمنٹ اور مانیٹرنگ کے نظام میں شامل کرنا پڑے گا۔ مائیکروسافٹ کے اندازے کے مطابق 2028 تک 1.3 ارب اے آئی ایجنٹس دفتری امور خودکار طریقے سے انجام دے رہے ہوں گے۔
ایجنٹس وہ خودکار سافٹ ویئر پروگرام ہیں جو انسانوں کی جانب سے کوڈنگ، ڈیٹا پروسیسنگ، شیڈیولنگ اور دیگر کام سرانجام دیتے ہیں۔ اگرچہ بعض صارفین نے انہیں کامیابی سے استعمال کیا ہے، لیکن متعدد کمپنیوں کو ان سسٹمز کو نافذ کرنے میں مسائل درپیش آئے ہیں جس سے سیکیورٹی اور نگرانی کے خلیج پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔
مائیکروسافٹ ایجنٹ 365 اسی خلا کو پُر کرنے کا ٹول قرار دیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق جس طرح آئی ٹی عملہ یہ دیکھ سکتا ہے کہ کمپنی کے نیٹ ورک پر کون لاگ اِن ہے اور کن وسائل تک رسائی رکھتا ہے، اسی طرح یہ ٹریکر انہیں AI ایجنٹس کی سرگرمیاں مانیٹر کرنے کی صلاحیت دے گا۔
نیا سافٹ ویئر آئی ٹی ٹیم کو ’باغی‘ یا مشتبہ رویہ ظاہر کرنے والے اے آئی ایجنٹس کو قرنطینہ کرنے کی اجازت دے گا، جبکہ قابلِ اعتماد ایجنٹس کو مخصوص پروڈکٹیویٹی ٹولز اور رسائی حقوق بھی تفویض کیے جا سکیں گے۔ مائیکروسافٹ کا خیال ہے کہ یہ نظام مستقبل میں ملازمین اور خودکار سسٹمز کے درمیان محفوظ ہم آہنگی قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos