گیند کو دو بار مارنے پر بھارتی بیٹر منفرد انداز میں آؤٹ

بھارتی ریاست منی پور میں رنجی ٹرافی پلیٹ لیگ کے دوران بیٹر لامابام اجے سنگھ ایک نہایت کم یاب اصول کے تحت ’گیند کو دو بار ہٹ‘ کرنے پر آؤٹ قرار دے دیے گئے، جس پر میدان میں موجود کھلاڑیوں نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میگھالیہ کے خلاف میچ میں اجے سنگھ نے بولر آریان بورا کی گیند کو دفاعی انداز میں روکا، مگر گیند ہلکی رفتار سے واپس اسٹمپس کی طرف جانے لگی۔ بیٹر نے وکٹ بچانے کی کوشش میں بیٹ سے دوبارہ گیند کو ہٹ کردیا، جس پر مخالف ٹیم کی اپیل کے بعد امپائر دھرمیندر بھاردواج نے انہیں ’ہٹ دی بال ٹوائس‘ کے تحت آؤٹ دے دیا۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ گیند واقعی اسٹمپس کی طرف جا رہی تھی اور اس صورتحال میں وکٹ بچانے کے لیے دوسرا شاٹ قانون کے مطابق جائز ہوسکتا ہے، تاہم آفیشلز کے مطابق بیٹر گیند کو پیڈ سے بھی روک سکتا تھا، مگر بیٹ استعمال کرنے پر اسے آؤٹ قرار دیا گیا۔

ایم سی سی قانون 34.1.1 کے مطابق اگر بیٹر جان بوجھ کر گیند کو فیلڈر کے چھونے سے پہلے دوسری بار بیٹ یا جسم کے کسی حصے سے مارتا ہے تو اسے آؤٹ سمجھا جاتا ہے، البتہ وکٹ بچانے کی کوشش میں دیا گیا جائز دوسرا شاٹ مستثنیٰ ہوتا ہے۔

رنجی ٹرافی میں اس نوعیت کا آخری واقعہ 2005-06 میں پیش آیا تھا جبکہ اس سے قبل صرف چند بیٹر ہی اس نایاب انداز میں آؤٹ ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔