مغربی نائیجیریا میں ایک کیتھولک بورڈنگ اسکول پر حملہ کرکے مسلح افراد نے200سےزائد بچوں کو اغوا کر لیا، حالیہ برسوں میں یہ ملک کے سب سے بڑے اجتماعی اغوا میں سے ایک ہے۔
نائیجیریا کی کرسچن ایسوسی ایشن (CAN) نے کہا کہ حملہ آوروں نے جمعہ کی صبح نائجر ریاست کے اگوارہ ضلع ، پاپیری کمیونٹی میں سینٹ میری سکول پر حملہ کرکے 215 طلباء اور 12 اساتذہ کو یرغمال بنا لیا۔
نائجر اسٹیٹ میں CAN کے ترجمان، ڈینیئل اٹوری نے کہا کہ انہوں نے مصیبت زدہ خاندانوں سے ملنے کے لیے کمیونٹی کادورہ کیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں اسکول جانے کے بعد آج رات ہی گاؤں آیا جہاں میں نے والدین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن ہمارے بچوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
پولیس نے تصدیق کی کہ حملہ صبح سے پہلے ہوا اور کہا کہ فوجی اور دیگر سیکورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے تھے۔
سینٹ میریز ایک سیکنڈری اسکول ہے، لیکن سیٹلائٹ کی تصاویر میں اس کمپاؤنڈ کو ملحقہ پرائمری اسکول سے منسلک دکھایا گیا ہے جس میں 50 سے زائد عمارتیں ہیں، بشمول کلاس رومز اورہاسٹل۔ یہ کمپلیکس یلوا اور موکوا کے قصبوں کو ملانے والی ایک بڑی سڑک کے قریب واقع ہے۔
مقامی رہائشیوں نے میڈیاکے سامنے متاثرہ خاندانوں کی کیفیت کے چشم دید مناظر بیان کیے کہ کیسے لوگ صدمے کی حالت میں لاپتہ بچوں کی تلاش میں سرگرداں تھے۔
نائجر کی ریاستی حکومت کے سیکرٹری کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام کو علاقے میں بڑھتے خطرات کی انٹیلی جنس وارننگ ملی تھی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اسکول ریاستی حکومت کومطلع کیے یا کلیئرنس طلب کیے بغیر دوبارہ کھل گیا، اس طرح طلباء اور عملے کو خطرے سے دوچار کیا گیا۔
رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اسکول میں باضابطہ سیکورٹی کا فقدان تھا۔ کونٹاگورا کے کیتھولک ڈائیسیس نے کہا کہ حملے کے دوران ایک گارڈ کو گولی مارکرشدیدزخمی کیا۔
صدر بولا ٹینوبو نے اغوا کے بعد جنوبی افریقہ میں G20 سربراہی اجلاس کے لیے اپنا شیڈول دورہ منسوخ کر دیا۔ ان کی جگہ نائب صدر کاشم شیٹیما شرکت کریں گے، ایوان صدر نے X پر کہا۔
نائجر سٹیٹ پولیس نے کہا کہ ان کی ٹیکٹیکل یونٹس اور فوج کو شاگردوں کی تلاش کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس ہفتے کے اوائل میں ایک چرچ پر بھی حملہ ہواتھا۔
سکول کا واقعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نائیجیریا میں عیسائیوں کی ٹارگٹ کلنگ پر فوجی کارروائی کی دھمکی کے چند ہفتوں بعدپیش آیا ہے، اس بیانیے کو نائیجیریا کی حکومت نے مسترد کر دیا ،اس کا کہناہے کہ مسلمان مسلح گروہوں کے حملوں کا زیادہ شکار ہیں۔
چندروزپہلے شمال مغربی نائیجیریا کی کیبی ریاست میں بھی ایک سیکنڈری اسکول پر مسلح افراد نے حملہ کرکے اسکول کی 25 طالبات کو اغوا کر لیا۔ ایک فرار ہونے میں کامیاب رہی، اور 24 ابھی تک لاپتہ ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos