تیجس لڑاکاطیارہ۔ فائل فوٹو

بھارتی میڈیا نے تیجس حادثے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرا دیا

بھارت میں گودی میڈیا نے دبئی ایئر شو میں تیجس طیارے کے تباہ ہونے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرا کر ایک بار پھر اپنی دفاعی کمزوریوں کو چھپانے کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اینکر ارنب گوسوامی اور جنرل (ر) بخشی نے ٹی وی پروگراموں میں کہا کہ امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک کی جانب سے GE404 انجن کی تاخیر سے فراہمی نے بھارت کی دفاعی تیاری میں خلا پیدا کیا۔ ارنب گوسوامی نے الزام لگایا کہ امریکہ نئی نسل کے انجنوں کی فراہمی سست کر رہا ہے اور امریکا ایل سی اے پروگرام اور تیجس کو اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔ جنرل بخشی نے دعویٰ کیا کہ بھارت ایک ارب ڈالر ادا کرچکا ہے لیکن دو سال گزرنے کے باوجود صرف دو انجن ملے ہیں۔

ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں میڈیا اور حکومت جان بوجھ کر اصل ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ عوام کو دفاعی حقائق سے دور رکھا جا رہا ہے۔ تجزیوں میں کہا گیا کہ امریکا کو ذمہ دار قرار دینا کسی فائدے کا باعث نہیں بنا، حادثہ بھارتی دفاعی صنعت کی کمزوریوں کی واضح تصویر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی ایئر شو میں بھارتی تیجس فائٹر طیارہ ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی ایئر فورس کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق دو بج کر دس منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ تیزی سے زمین کی جانب آیا اور رن وے کے قریب جا ٹکرایا۔ طیارے کے پائلٹ کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ بعد ازاں تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔ ماہرین کے مطابق حادثے سے پہلے تیجس کی تصویروں میں لیکیج اور ساختی نقائص واضح تھے، جبکہ پینل الائنمنٹ، وائبریشن اور مینوفیکچرنگ خامیوں پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تیجس میں مقامی انجن ناکام رہا اور GE انجن بھی ایئر فریم کے تقاضوں پر پورا نہیں اترا، جس کے باعث تھرسٹ، اسمارٹ لوڈ اور حرارتی دباؤ جیسے سنگین مسائل سامنے آئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ بھارت کے لیے دنیا کے سامنے ایک بڑی سبکی ہے، جس نے اس کے دفاعی سازوسامان کی قابلیت پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔