اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے صوبہ سندھ سے متعلق بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق راجناتھ سنگھ کے دعوے اشتعال انگیز ہیں اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیانات تاریخی حقائق کو مسخ کرنے والے اور "وسعت پسند ہندوتوا ذہنیت” کے مظہر ہیں، جو بین الاقوامی قانون، تسلیم شدہ سرحدوں اور ریاستوں کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
دفتر خارجہ نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ ایسے بیانات سے گریز کریں جو خطے میں کشیدگی پیدا کر سکتے ہیں اور اپنے ملک میں کمزور اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر توجہ دیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو شمال مشرقی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعے کے پُرامن اور قابلِ اعتماد حل کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔
پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اپنے قومی مفاد، خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور خطے میں تمام تنازعات کے پُرامن حل کے لیے بین الاقوامی قانونی ضوابط کے مطابق اقدامات کرنے کا عزم رکھتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos