ایرانی سیکیورٹی چیف علی لاریجانی کے اسٹریٹجک دورہ پاکستان کا مقصد کیا ہے؟

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی پیر کے روز ‘اسٹریٹجک’ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وہ سیکیورٹی، معاشی تعاون اور علاقائی استحکام سمیت متعدد اہم امور پر پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس دورے کے دوران وہ اعلیٰ سطح پر مذاکرات کریں گے۔ایرانی سفارتخانے کے مطابق ڈاکٹر لاریجانی کا یہ دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور اسے پاک۔ایران تعلقات کے نئے اسٹریٹیجک مرحلے کے آغاز کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سرحدی رابطہ کاری، دہشت گردی کے خلاف تعاون، اقتصادی شراکت داری اور خطے میں امن و استحکام جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹپو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بڑھتی ہوئی سفارتی پیش رفت اور مضبوط ہوتے تعلقات کی علامت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات سے مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے کی بدلتی صورتحال میں پاکستان اور ایران باہمی روابط اور استحکام کے لیے مسلسل سفارتی روابط بڑھا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔