پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں اے ٹی پی چیلنجر پاکستان کی افتتاحی تقریب کے دوران اعصام الحق نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ آنسو میرے کیریئر کے لیے ہیں یا بطور صدر چیلنجر کپ کی میزبانی کے لیے ہیں۔اس اعلان کے ساتھ، اے ٹی پی چیلنجر پاکستان ان کےکیریئر کا آخری پروفیشنل ایونٹ بن گیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین نے پاکستان میں ٹینس کے لیے غیر معمولی خدمات پر اعصام کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس ماہ کے آغاز میں پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق نے کہا تھا کہ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کو اپنے وطن میں لانا ہمیشہ سے ان کا خواب تھا جو بالآخر پورا ہو گیا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق اعصام الحق کی ریٹائرمنٹ ایک دورکا اختتام ہے۔ ان کی میراث آنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی اور ملک بھر میں ٹینس کی ترقی اور پہچان میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
1998 میں پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے اعصام الحق واحد پاکستانی ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2010 کے یو ایس اوپن میں مردوں کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز دونوں کیٹیگریز کے گرینڈ سلیم فائنل میں جگہ بنائی۔
اے ٹی پی ٹور کے مطابق اعصام نے دسمبر 2007 میں سنگلز میں کیریئر کی بہترین عالمی رینکنگ 125 حاصل کی ۔ جون 2011 میں ڈبلز میں بھارتی ساتھی روہن بوپنا کے ساتھ عالمی نمبر 8 تک پہنچے۔
اے ٹی پی نے رواں ماہ ٹورین میں ہونے والے نِٹو اے ٹی پی فائنلز میں اعصام اور 7دیگر ریٹائرڈ اسٹارز کو خراج تحسین پیش کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos