فائل فوٹو
فائل فوٹو

علی ترین کا ملتان سلطانز اور ٹیم کے چاہنے والوں کے نام الوداعی پیغام

لاہور : پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا کہنا ہے  اس ٹیم کا حصہ ہونا میری زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک رہا ہے۔ میں چاہنے والوں سے محبت کرتا ہوں، اس ٹیم سے محبت کرتا ہوں، اور جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرنا میرے لیے بے حد فخر کی بات رہی ہے، جس پر میرے مرحوم چچا عالمگیر ترین بھی بہت فخر محسوس کرتے تھے۔

اپنے ایکس بیان میں انہوں نے کہا  ہر سیزن میں، میں اپنے کھلاڑیوں اور اسٹاف کو یہ ضرور بتاتا تھا کہ اس خطے کی نمائندگی کرنے کا کیا مطلب ہے۔ ایک ایسی جگہ جہاں لوگ محنت کرتے ہیں، اپنے حقوق کے لیے لڑتے ہیں  اور ہر روز مشکلات کا مقابلہ کرتے ہیں۔ میں ہمیشہ کہتا تھا کہ چاہنے والے ہار کو معاف کر سکتے ہیں، لیکن ہار ماننے کو کبھی نہیں۔ یہی فلسفہ ہماری ہر آن فیلڈ اور آف فیلڈ کوشش کی بنیاد رہا ہے۔

مسلسل مالی خساروں کے باوجود، کبھی ایک لمحے کو بھی ٹیم چھوڑنے کا سوچا نہیں۔ سلطانز میرے لیے کبھی محض نمبرز نہیں رہے۔ میں ہمیشہ اسے بچانے کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار رہا ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ میں سب کا پسندیدہ نہیں ہوں اور یہ بات میرے لیے ٹھیک ہے۔ لیکن میں ہمیشہ سچ بولتا ہوں اور دل کی بات کہتا ہوں۔ مجھے کبھی بھی محتاط کھیلنے یا بہاؤ کے ساتھ چلنے کی عادت نہیں رہی۔یہ میں نہیں ہوں۔ اور اگر یہاں رہنے کا مطلب اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنا ہے، تو پھر میرے پاس ایک ہی راستہ بچتا ہے۔میں اس ٹیم کو اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر کھونا پسند کروں گا، گھٹنے ٹیک کر چلانا نہیں، لہذا  یہ الوداع ہے۔

علی ترین نے مزید لکھا یہ بات جان لیں کہ یہ ٹیم ہمیشہ اپنے مالک سے بڑھ کر رہی ہے۔ یہ آپ کی ہے اور جنوبی پنجاب کی ہے۔ جو بھی اگلا اس ٹیم کی باگ ڈور سنبھالے، براہِ کرم انہیں اسی جذبے سے سپورٹ کرتے رہیں۔ آپ مجھے بھی اسٹینڈز میں انہی کے لیے نعرے لگاتے دیکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔