واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کاواقعہ پیش آیا،نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو گولی مار دی گئی۔ان کا تعلق ویسٹ ورجینیاسے تھا۔
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکریٹری نے سوشل میڈیا پر بیان میں واقعہ کی تصدیق کی۔پولیس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قریب ایک بلاک میں فائرنگ کی گئی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دو نیشنل گارڈ ممبران کی حالت نازک ہے، مشتبہ شخص بھی شدید زخمی ہے۔تاہم سی این این کا ریاستی گورنرکے حوالے سے کہناتھاکہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے اہل کار ہلاک ہوگئے۔ویسٹ ورجینیا کے گورنر پیٹرک موریسی نے بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی کہ نیشنل گارڈ کے دونوں افسران گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے ۔بعدازاںگورنرنے کہاکہ جن افسران کوگولی ماری گئی ہے،ان کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل اور ڈی سی کی میئر موریل باؤزر نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ نیشنل گارڈز مین کی حالت نازک ہے۔پٹیل کاکہناتھاکہ امریکی عوام اور دنیا بھرکے لوگ ان بہادر جنگجوؤں کے لیے دعاکریں ۔
فائرنگ کے بعد وائٹ ہاؤس کو لاک ڈاون کردیا گیا۔ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر اسٹریچر پر جائے وقوعہ سے دور لے جایا گیا۔یونائیٹڈ سٹیٹس پارک پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فائرنگ کے متاثرین میں سے ایک کو ہوائی جہاز کے ذریعے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ آیا وہ نیشنل گارڈز مین میں سے تھا یا مشتبہ شخص۔
تحقیقات سے واقف ایک ذریعہ کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے حکام نیشنل گارڈ کے دو افسران اور مشتبہ شخص کے علاوہ فائرنگ کے کسی دوسرے متاثرین کا سراغ نہیں لگا رہے ۔ذرائع نے یہ بھی کہا کہ مشتبہ شخص کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گولی ماری ہے اور ابھی تک تفتیش کے ابتدائی مرحلے میں شوٹر کا مقصد واضح نہیں ہو سکا ۔
قانون نافذ کرنے والے تین ذرائع کے مطابق، مشتبہ شخص محافظوں کو نشانہ بناتا ہوا دکھائی دیتا ہے، پہلے اس نے ان میں سے ایک پر گولی چلائی جو محض چند فٹ دور تھا۔ ایک ذریعہ نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے اس کے بعد دوسرے محافظ پر گولی چلائی جس نے بس اسٹاپ شیلٹر کے پیچھے جانے کی کوشش کی۔
فائرنگ کا واقعہ فیرراگٹ ویسٹ میٹرو اسٹیشن کے داخلی دروازے پر پیش آیا۔ کئی مہینوں سے، نیشنل گارڈ کے اہلکاریہاں روزانہ موجودہوتے ہیں، اکثر دن بھر دروازے کے ایسکلیٹرز پر اوپر اور نیچے آتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایک عینی شاہدنے بتایاکہ 5 گولیاں چلنے کی آوازآئی ۔ جیسے ہی فائرنگ ہوئی لوگوں نے بھاگنا شروع کر دیاتھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے بعد وائٹ ہاؤس کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ جائے وقوعہ کے اطراف کے علاقے کو بھی سیل کردیا گیا، پولیس نے شہریوں کو آئی اسٹریٹ کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ۔امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری نے کہا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رد عمل دیتے ہوئے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو جانور قرار دیا۔ٹرمپ نے خبردار کیا کہ نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو بھاری قیمت چکانی ہوگی۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد واشنگٹن کے رونالڈ ریگن ائیرپورٹ پرکچھ دیرکے لیے پر وازوں کو سکیورٹی کی وجہ سے گراؤنڈ کیا گیا ۔
نائب صدر جے ڈی وانس نےکہا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں دو نیشنل گارڈز مین کی گولی مارنے کے پیچھے محرکات نامعلوم ہیں، انہوں نے اس واقعے کو سروس کے ارکان کو درپیش خطرات کی سخت یاد دہانی قرار دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos