ہانگ کانگ کےرہائشی کمپلیکس میں 17 گھنٹوں سے لگی آگ44جانیں لے گئی

ہانگ کانگ کا بلندوبالارہائشی کمپلیکس 17 گھنٹوں سے آگ میں جل رہاہے۔ خوفناک آتشزدگی 44جانیں لے چکی ہے۔سیکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔گذشتہ روزشروع ہونے والی آگ پوری رات بھڑکتی رہی۔
فائر فائٹرز اونچی منزلوں پر پھنسے رہائشیوں تک پہنچنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ آگ لگنے سے40 افراد جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے، دیگر چار اسپتال میں چل بسے۔
کم از کم 44 ہلاکتوں کے ساتھ، تائی پو محلے میں واقع اپارٹمنٹ کمپلیکس میں آگ ممکنہ طور پر دوسری جنگ عظیم کے بعد ہانگ کانگ میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز ہے۔
اس سے قبل، 1996 میں گارلے کی عمارت میں لگنے والی آگ میں 41 افراد ہلاک ہوئے تھے،اسے ہانگ کانگ کی تاریخ میں زمانہ امن کے دوران بدترین آگ قرار دیا گیا تھا۔
پولی ترجمان کے مطابق آگ لگنے کے بعدسخت غفلت کے الزام پر تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار تین افراد میں سے دو ایک تعمیراتی کمپنی کے ڈائریکٹر اور تیسرا کنسلٹنٹ ہے۔حکام نے جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ پولیس کواس کمپنی کا نام آتش گیر پولی اسٹیرین بورڈز پر ملا جسے فائر فائٹرز نے اپارٹمنٹ کمپلیکس میں کچھ کھڑکیوں کو بلاک کرتے ہوئے پایا۔
عہدیداروں نے مزید کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ اپارٹمنٹس میں پائے جانے والے دیگر تعمیراتی سامان بشمول حفاظتی جال، کینوس اور پلاسٹک کے کور ، حفاظتی معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔
کمپلیکس کی آٹھ عمارتوں میں سے کچھ ، جہاں بزرگ افرادکی ایک بڑی تعدادرہائش پذیرہے ،اب بھی جل رہی ہے۔
ہانگ کانگ کے وانگ فوک کورٹ میں بدترین آگ سے دھوئیں کی بو اور ذائقہ تائی پو ضلع میں پھیل چکا ہے – فائر فائٹرز رات بھر آگ بجھانے کے آپریشن میں مصروف رہے اور صبح ہونے کے بعد بھی فائر یونٹ کام کر رہے تھے کیونکہ کم از کم تین عمارتوں سے دھواں اٹھ رہا تھا۔

آتشزدگی سے کمپلیکس کے پورے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کھڑکیاں اور ائر کنڈیشننگ یونٹ جل چکے ہیں اور بانس کے زیادہ تر ستون جوکمپلیکس کو گھیرے ہوئے تھے وہ بھی جل گئے۔
ہانگ کانگ کے طبی حکام نے بتایا کہ صبح 8 بجے تک کم از کم 66 افراد کو ہسپتال میں داخل کیا گیاتھاجن میں سے 17 کی حالت نازک اور 24 کی تشویشناک ہے۔ کم از کم 44 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 279 لاپتہ ہیں۔
پولیس اور ہسپتال کے حکام نے جمعرات کی صبح میڈیاکو بتایا کہ فائر فائٹرز ابھی تک اس پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
فائر فائٹرز اب متاثر ہ سات بلاکس میں سے تین پر اپنی کوششیں مرکوز کر رہے ہیں، دیگر چارمیں آگ پرقابوپالیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔