ٹرمپ۔ فائل فوٹو

تیسری دنیا کے کئی ملکوں سے امریکہ آمد کومستقل روکنے کی تیاری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ تیسری دنیاکے ممالک سے امیگریشن کو مستقل طورپرمعطل کر دیں گے۔

وائٹ ہاؤس سے کچھ فاصلے پر  2نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیاتھا، جس میں ملوث افغان شہری رحمان اللہ کو حراست میں لے لیا گیا تھا، بعدازاں شدید زخمی گارڈز میں سے ایک دم توڑ گئیں۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ تمام تھرڈ ورلڈ ممالک سے امریکہ ہجرت کو مستقل طور پر معطل کر رہے ہیں، 19 ممالک سے تعلق رکھنے والے گرین کارڈ ہولڈرز کا فوری آڈٹ شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔صدر نے اعلان کیا کہ وہ ایسے تمام غیر شہریوں کے وفاقی فوائد ختم کریں گے، ایسے تارکینِ وطن کی شہریت منسوخ کریں گے جو امریکا کے لیے خطرہ سمجھے جائیں، اور ان تمام افراد کو ملک بدر کریں گے جو مغربی تہذیب سے مطابقت نہیں رکھتے۔

امریکی حکام کے مطابق 19 ممالک کے گرین کارڈ ہولڈرز کا مکمل سیکیورٹی آڈٹ ایک سخت اور جامع عمل ہوگا۔ متاثرہ ممالک میں افغانستان، برما، چَیڈ، کانگو، ایران، لیبیا، صومالیہ، یمن، سوڈان، وینزویلا اور کئی افریقی و ایشیائی ریاستیں شامل ہیں،    جو رواں سال جون میں ٹرمپ کے ایک سابقہ حکم کے تحت امریکی سفری پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھاکہ میں تمام تیسری دنیا کے ممالک سے امیگریشن کو مستقل طور پر روک دوں گا تاکہ امریکی نظام کو مکمل طور پر بحالی کا موقع مل سکے۔

انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ وہ اپنے پیش رو جو بائیڈن کے دور میں دی گئی ’لاکھوں‘ امیگریشن منظوریوں کو واپس لے لیں گے، اور ’ہر اس شخص کو نکال باہر کریں گے جو امریکہ کے لیے خالص اثاثہ نہ ہو۔ٹرمپ نے فائرنگ کے اس واقعے کو اپنے اس فیصلے کے ساتھ جوڑا کہ انہوں نے شہر میں سینکڑوں نیشنل گارڈ فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔انہوں نے کہا: ’اگر وہ مؤثر نہ ہوتے تو شاید آپ کے سامنے یہ واقعہ نہ آتا۔’شاید یہ شخص اس لیے ناراض تھا کہ وہ جرم کا ارتکاب نہیں کر پا رہا تھا۔

ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل افغانستان سے امیگریشن درخواستوں پر کارروائی کو فوری طور پر روکنے کا حکم بھی دے چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔