پاکستان سمیت دنیابھرمیں یوم یک جہتی فلسطین آج منایاجارہاہے

پاکستان سمیت دنیابھرمیں فلسطین  کا دن آج منایاجارہاہے۔

29نومبر کا دن ہر سال فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جاتا ہے ۔یہ دن 1947 کی اقوام متحدہ کی قرارداد 181 کی یاد دلاتا ہے، جس نے فلسطین کی زمین کو زبردستی دو حصوں میں تقسیم کیا تھا۔

اسی قرار داد کی وجہ سے1948میں فلسطین پر ایک ناجائز غاصب صیہونی ریاست اسرائیل قائم ہوئی ۔1947میں جب یہ قرارداد منظور کی گئی اس وقت فلسطینی آبادی 67 فی صد تھی اور یہودی آبادی صرف 33 فی صد۔ زمین کا 55 فی صد صیہونیوں کو، اور 45 فی صدمقامی فلسطینیوں کو ملا۔

ا قوامِ متحدہ نے 27 نومبر 1977ء کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا تھا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی فلسطینی عوام کی حق خوداردیت کی بھرپور حمایت پر زور دیا ہے۔صدر زرداری کا کہنا ہے فلسطینی عوام کی ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امن معاہدے میں پاکستان نے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا، غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی ناگزیر ہے، فلسطینیوں کی حمایت انصاف اور برابری کی بنیادی اقدار پر قائم ہے۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی ہمت اورغیرمتزلزل حوصلے نے تاریخ میں نیا باب رقم کیا ہے، پاکستان نے ہرعالمی فورم پر اسرائیلی فوج کے مظالم کی مذمت کی ہے، جنگ بندی، امداد کی فراہمی اور جنگی جرائم پر اسرائیل کا احتساب ہمارا مطالبہ رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سمیت فلسطینیوں کی سرزمین سے اسرائیل کا مکمل انخلا ناگزیر ہے ،فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جنگی جرائم اور منظم نسل کشی کا عالمی قوانین کے مطابق مواخذہ ہونا چاہئے ۔ عالمی یوم یکجہتی فلسطین پر پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر حکومت پاکستان اور عوام غیر متزلزل عزم و یکجہتی کے ساتھ اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔