6,000 طیاروں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ

پیرس: یورپی ایوی ایشن کمپنی ایئربس نے اپنے انتہائی مقبول A320 فیملی کے تقریباً 6,000 طیاروں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد سولر فلیئرز کے اثرات سے فلائٹ کنٹرول سسٹمز کو محفوظ بنانا ہے۔ اس اقدام کے بعد دنیا بھر میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، خاص طور پر امریکا میں سال کے مصروف ترین سفری ہفتے کے دوران۔

ایئربس کی ہدایت کے مطابق زیادہ تر طیاروں میں سافٹ ویئر کو پرانی محفوظ ورژن پر واپس لانا ہوگا۔ یہ مرمت تقریباً دو گھنٹے میں مکمل کی جا سکتی ہے، لیکن اس سے پہلے طیارے تجارتی پروازیں نہیں چلائیں گے۔

دنیا کی سب سے بڑی A320 صارف ایئرلائن امریکن ایئرلائنز کے 480 میں سے 340 طیارے اس مرمت کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ جرمنی کی لوفتھانسا، بھارت کی انڈیگو، برطانیہ کی ایزی جیٹ اور کئی دیگر ایئرلائنز نے بھی خبردار کیا ہے کہ مرمت کے باعث پروازوں میں تاخیر یا کینسلیشن ہوسکتی ہے۔ کولمبیا کی ایئرلائن اوینکا نے اپنے بیڑے کے 70 فیصد سے زائد طیاروں کے متاثر ہونے کے بعد 8 دسمبر تک ٹکٹوں کی فروخت روک دی ہے۔

ایئربس کے مطابق 30 اکتوبر کو جیٹ بلیو کی ایک پرواز میں سولر فلیئرز کی وجہ سے فلائٹ کنٹرول ڈیٹا متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں طیارہ اچانک نیچے آیا اور متعدد مسافر زخمی ہوئے۔ طیارے نے ہنگامی طور پر ٹیمپا (فلوریڈا) میں لینڈنگ کی۔ اس واقعے کے بعد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے تحقیقات اور مرمت کو لازمی قرار دیا۔

ماہرین کے مطابق 6,000 طیاروں کی یک ساتھ مرمت فضائی شعبے کے لیے بڑا چیلنج ہے، کیونکہ پہلے ہی کئی طیارے انجن کی مرمت اور مینٹیننس کی کمی کی وجہ سے گراؤنڈ ہیں، جس سے ورکشاپس پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ برطانوی ایئرلائن ایزی جیٹ نے اپنے متاثرہ طیاروں کی مرمت مکمل کر دی ہے، تاہم متعدد ایئرلائنز نے اگلے 72 گھنٹوں کے دوران پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کا عندیہ دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔