کولمبو، سری لنکا: سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کے باعث شدید بارشیں اور سیلاب آئے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 123 ہوگئی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر نے تصدیق کی کہ طوفان کے سبب اب تک 130 افراد لاپتا ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئیں۔ شمالی اور مشرقی علاقوں میں 300 ملی میٹر تک بارش نے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو بڑھا دیا۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، جنہیں اسکولوں اور عوامی مقامات میں منتقل کیا گیا۔ سری لنکن محکمہ آبپاشی نے خبردار کیا کہ مشرقی اور جنوبی علاقوں میں مزید سیلاب کا امکان ہے جبکہ دارالحکومت کولمبو میں بھی سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔
حکام کے مطابق سیلاب کے باعث متعدد افراد نے گھروں کی چھتوں پر پناہ لی ہوئی تھی جنہیں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ حکام عوام سے محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos