اسلام آباد — فِن لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 تک پاکستان میں موجود اپنا سفارتخانہ بند کر دے گا۔ یہ اعلان ہفتے کو فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ بیان میں کیا گیا۔
بیان کے مطابق فن لینڈ اپنی سفارتی سرگرمیوں کا ازسرِنو جائزہ لے رہا ہے تاکہ اپنے سیاسی اور معاشی مفادات کے مطابق اہم ممالک میں وسائل کو مرکوز کیا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ کابل اور ینگون میں موجود فن لینڈ کے سفارت خانے بھی آئندہ سال بند کر دیے جائیں گے۔
فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ مختلف عوامل کی بنیاد پر کیا گیا، جن میں متعلقہ ممالک کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتِ حال اور فن لینڈ کے ساتھ محدود تجارتی روابط شامل ہیں۔ وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ فن لینڈ کا فارن سروس نیٹ ورک وقتاً فوقتاً جائزے سے گزرتا ہے تاکہ اس کی پالیسی عالمی حالات اور ترجیحات کے مطابق ہو۔
فن لینڈ کی وزیرِ خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور فن لینڈ کو اپنی سفارتی موجودگی اسی رفتار سے اپ ڈیٹ کرنا ہوگی، تاکہ یہ تبدیلیاں فن لینڈ کو عالمی سطح پر مضبوط اور مسابقتی بنانے میں مدد دیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ فن لینڈ نے مالی مشکلات کے باعث 2012 میں پاکستان میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا، تاہم 2022 میں اسے دوبارہ کھولا گیا تھا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق سفارت خانوں کی بندش کا حتمی فیصلہ فن لینڈ کے صدر کے دستخط سے جاری ہونے والے سرکاری حکم نامے کے بعد نافذ العمل ہوگا، اور اس کے ساتھ فن لینڈ کی عالمی سفارتی حکمتِ عملی ایک نئے دور میں داخل ہو جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos