امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے لیے مزید بات چیت درکار ہے۔ انہوں نے فلوریڈا میں ہونے والے امریکا اور یوکرین کے مشترکہ مذاکرات کو اہم اور نتیجہ خیز قرار دیا، تاہم واضح کیا کہ جنگ بندی کے حوالے سے حتمی پیش رفت کے لیے ابھی مزید کام باقی ہے۔
فلوریڈا میں ہونے والے مذاکرات میں یوکرینی وفد کی قیادت قومی سلامتی کے سیکرٹری نے کی، جبکہ امریکی وفد میں وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ صدر ٹرمپ کے معاون خصوصی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیراڈ کشنر بھی شریک تھے۔
مذاکرات کے بعد مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ بات چیت کا مقصد صرف جنگ روکنا نہیں بلکہ ایک ایسے امن منصوبے کی تشکیل ہے جو یوکرین کی طویل مدت تک استحکام، ترقی اور خودمختاری کو یقینی بنا سکے۔ ان کے مطابق مذاکرات میں مثبت پیش رفت ضرور ہوئی ہے، لیکن امن معاہدے تک رسائی کے لیے مزید تفصیلات طے کرنا باقی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف آج ماسکو روانہ ہوں گے، جہاں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے منگل کے روز ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات کو ممکنہ جنگ بندی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos