افغانستان سے امریکا منتقل ہونے والے تمام تارکینِ وطن کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہدایت کی ہے کہ افغان پس منظر رکھنے والے تمام افراد کی سیکیورٹی جانچ دوبارہ کی جائے۔
ترجمان نے کہا کہ ایسے کسی بھی شخص کو ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہو، اور ایسے افراد کو ملک سے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پناہ گزینوں سے متعلق تمام فیصلے اور خصوصی امیگرینٹ ویزوں کا اجرا عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد وسیع پیمانے پر ڈی پورٹیشن منصوبہ مزید اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
کیرولین لیوٹ نے صدر ٹرمپ کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ ان کی مجموعی صحت بالکل ٹھیک ہے۔ ان کا ایم آر آئی احتیاطی معائنے کے طور پر کیا گیا اور رپورٹ کے مطابق دل سمیت تمام اہم حصے صحت مند ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افراد کے لیے ویزا اجرا بھی روک دیا ہے، جبکہ اسائلم درخواستوں سے متعلق فیصلوں کو بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام گزشتہ ہفتے ایک افغان شہری کی جانب سے نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اٹھایا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos