ٹرمپ انتظامیہ کا امریکی عدلیہ پر حملہ،8 امیگریشن جج برطرف

 

امریکی محکمہ انصاف نے نیویارک سٹی میں تعینات 8 امیگریشن ججوں کو برطرف کر دیا ہے۔ یہ تمام جج مین ہٹن کی 26 فیڈرل پلازا میں کام کر رہے تھے، جہاں تارکینِ وطن کے قانونی اسٹیٹس سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوتی ہے۔

نیشنل ایسوسی ایشن آف امیگریشن ججز (NAIJ) نے ان برطرفیوں کی تصدیق کی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان ججوں کو برطرف کرنے کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں۔ تاہم، نیویارک ٹائمز کے مطابق رواں برس ملک بھر میں تقریباً 600 میں سے 90 امیگریشن جج برطرف کیے جا چکے ہیں۔

مہاجرین کے حقوق کے گروہوں کا کہنا ہے کہ برطرفیاں اُن ججوں کی جگہ نئے جج تعینات کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں جو ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے زیادہ ہم آہنگ ہوں۔

26 فیڈرل پلازا طویل عرصے سے ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کی علامت بنی ہوئی ہے، جہاں مہینوں سے وفاقی اہلکار روزانہ کی بنیاد پر عدالت سے نکلنے والے تارکینِ وطن کو حراست میں لیتے رہے ہیں۔ ایسے مناظر عالمی سطح پر وائرل ہوتے رہے ہیں۔

برطرفی کا یہ فیصلہ اس واقعے کے چند دن بعد سامنے آیا جب درجنوں افراد نے مین ہٹن میں ممکنہ چھاپے کو روکنے کی کوشش کی، جس دوران کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔