امریکی میڈیانے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینی شہداکی لاشیں بلڈوزکررہی ہے۔ سی این این کی تحقیقات کے مطابق زیکیم کراسنگ کے قریب شہیدہونے والوں میں سے کچھ کی لاشوں کو اتھلی، بے نشان قبروں میں پھینک رہی ہے۔ بعض اوقات ، ان کی باقیات کو کھلے میں گلنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے، جنہیںفوجی علاقہ ہونے کی وجہ سے برآمد نہیں کیا جا سکتا ۔
قانونی ماہرین کے مطابق، لاشوں کو بغیر نشان والی قبروں میں بلڈوز کر نا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پتہ چلا کہ امداد ی سامان لینے کے لیے اسرائیلی کراسنگ کے قریب موجودفلسطینی اندھا دھند فائرنگ سے مارے گئے۔اس انکشاف میں زیکیم کے اردگرد سینکڑوں ویڈیوز اور تصاویر کے ساتھ ساتھ عینی شاہدین اور مقامی امدادی ٹرک ڈرائیوروں کے بیانات بھی شامل ہیں۔
ایک وڈیومیں دکھایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد زیکیم سے گولیوں کی بوچھاڑ کے نیچے آٹے کی بوریاں لے کر بھاگ رہے ہیں۔اس فوٹیج میں آٹا لے جانے والے کم از کم ایک شخص کو پیچھے سے گولی لگتے دکھایا گیاہے، ایسا لگتا ہے کہ گولی آئی ڈی ایف پوزیشن سے آئی ہے جس کی شناخت سیٹلائٹ امیجری سے ہوئی ۔دوسری ویڈیو میں، ایک گروپ کو بظاہر ایک مردہ اور دوسرے شدید زخمی کو لے جانے سے پہلے ان کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
سیٹلائٹ تصاویر میں ان علاقوں میں موسم گرما کے دوران بلڈوزنگ کی سرگرمی بھی دکھائی دیتی ہے جہاں امداد کے متلاشی افرادشہید ہوئے تھے۔ زیکیم کے علاقے کی دو ویڈیوز، جون میں ہونے والے ایک واقعہ دکھاتی ہیں، جس میں ایک الٹنے والے امدادی ٹرک کے گرد جزوی طور پر دبی لاشوں کو دکھایا گیا ہے۔
اسرائیل کے دو سابق فوجی ارکان سے بات کی گئی تو انہوںنے ، نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر،جنگ کے دوران غزہ میں دوسری جگہوںکی بھی ایسی مثالیں بیان کیں جن میں فلسطینیوں کی لاشوں کو اتھلی قبروں میں بلڈوز کر دیا گیا تھا۔
اسرائیلی ذرائع نے امریکی میڈیاکو بتایاہے کہ جب 2024 کے اوائل میں اس کے یونٹ نے9افراد کو دفن کیا تو قبر کی جگہ کو نشان زد نہیں کیا گیا۔ جائزہ لی گئی دیگر فوٹیجز اور تصاویر میں متعدد لاشیں دکھائی دیتی ہیں جنہیں بازیافت نہیں کیا جاسکا۔
اسرائیل فوج نے اس بات کی تردید کی کہ اس نے لاشوں کوٹھکانے لگانے کے لیے بلڈوزر کا استعمال کیا، لیکن یہ نہیں بتایا کہ آیا ان کو دفنانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔آئی ڈی ایف کےمطابق زیکیم کے ارد گرد بلڈوزر کی موجودگی ایک معمول کا معاملہ تھا جسے آپریشنل مقاصد جیسے دھماکہ خیز خطرات سے نمٹنے یا معمولی انجینئرنگ کی ضروریات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos