ڈھاکا میں پھر زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

ڈھاکا اور قریبی علاقوں میں جمعرات کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بنگلہ دیش محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ صبح 6:14 بجے آیا، جس کی شدت 4.1 ریکٹر سکیل ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز شیب پور، نرسنگدی تھا، جو دارالحکومت کے ایگار گاؤں سے تقریباً 38 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔

یورو میڈیٹرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق مرکز گزپور کے ٹونگی سے 33 کلومیٹر مشرق شمال مشرق اور نرسنگدی سے 3 کلومیٹر شمال میں، 30 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

یہ زلزلہ حالیہ ہفتوں میں بنگلہ دیش میں ریکارڈ کیے گئے متعدد چھوٹے اور درمیانے زلزلوں کا تازہ واقعہ ہے۔ 1 دسمبر کو منجن، میانمار میں 4.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، جبکہ 27 نومبر کو ڈھاکا میں 3.6 شدت کے ہلکے جھٹکے آئے۔ اسی دوران سلہٹ اور ٹیکناف میں بھی جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔

حالیہ ہفتوں میں ڈھاکا اور آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کی سرگرمی غیر معمولی طور پر زیادہ رہی ہے۔ 21 اور 22 نومبر کے دوران دارالحکومت اور قریبی اضلاع میں 31 گھنٹوں کے اندر 4 زلزلے آئے، جن میں سب سے شدید 5.7 ریکٹر کا زلزلہ مادھابدی، نرسنگدی کے قریب آیا، جس سے ملک بھر میں 10 ہلاکتیں اور 600 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔