جنوبی کیلیفورنیا میں امریکی فضائیہ کا ایف-16 سی لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، تاہم پائلٹ محفوظ طریقے سے ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔
امریکی فضائیہ کے بیان کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی تحقیقات کے مراحل میں ہے اور مزید معلومات 57 ویں ونگ کے پبلک افیئرز آفس کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔
حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے وقت پر طیارے سے نکل کر اپنی جان بچائی، جبکہ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد شعلوں میں لپٹ گیا۔
حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر 45 منٹ پر کیلیفورنیا کی کنٹرولڈ ایئر اسپیس میں پیش آیا۔ پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
سان برنارڈینو کاؤنٹی فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی کہ واقعہ ٹرونا کے قریب موہاوی صحرا میں پیش آیا، جو لاس اینجلس سے تقریباً 290 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔
امریکی فضائیہ کے مطابق یہ ایف-16 سی طیارہ سنگل سیٹ ورژن ہے، جس میں پرانے ایف-16 اے اور بی ماڈلز کے مقابلے میں جدید ایویونکس اور ہتھیاروں کی سہولیات شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos