ایران میں خواتین کے بغیر حجاب میراتھن میں شرکت،دو منتظمین گرفتار

ایران میں خواتین کے بغیر حجاب میراتھن میں شریک ہونے پر ایونٹ کے دو منتظمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب جنوبی ایران کے ساحلی جزیرے کِش میں منعقدہ میراتھن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں کئی خواتین کو بغیر حجاب دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔

رپورٹس کے مطابق میراتھن میں الگ الگ کیٹیگریز میں دو ہزار خواتین اور تین ہزار مردوں نے حصہ لیا۔ وائرل تصاویر میں متعدد خواتین کو سرخ شرٹس پہنے بغیر سر ڈھانپے دیکھا گیا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔

تبدیلی کے حامی افراد نے اس کو ایرانی خواتین کی جانب سے سرکاری پابندیوں کے خلاف ایک باحوصلہ اظہار قرار دیا، جبکہ حکومتی حلقوں نے اسے قواعد کی خلاف ورزی اور نظام کے لیے چیلنج قرار دیا۔ عدلیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے منتظمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نہ صرف چند خواتین کی جانب سے حجاب کے قانون کی خلاف ورزی قابل اعتراض ہے بلکہ اس بات پر بھی سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اس نوعیت کا میراتھن کیوں منعقد کیا گیا۔

یاد رہے کہ ایران میں عوامی مقامات پر خواتین کے لیے سر ڈھانپنا لازمی ہے۔ ستمبر 2022 میں مہسا امینی کی پولیس حراست میں مبینہ ہلاکت کے بعد ملک بھر میں پرتشدد احتجاج شروع ہوگئے تھے، جن میں سینکڑوں افراد جان سے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔