قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل اسکواڈ میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں، اور موجودہ کمبی نیشن کے ساتھ ٹیم آگے بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ باقی 6 میچز میں تسلسل کے ساتھ کھیلنا ضروری ہے، کیونکہ گزشتہ 6 ماہ سے وہ انہی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور رزلٹ آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سلمان آغا کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد 2026 میں ٹی ٹوئنٹی اور 2027 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنا ہے۔
کپتان نے مزید کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگی، جس میں سینئر کھلاڑیوں کو پچز کا اندازہ ہوگا اور نئے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے قبل تجربہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم درست ٹریک پر ہے، لیکن بہتری کی ضرورت ابھی باقی ہے۔
سلمان آغا نے بتایا کہ گزشتہ 11 ماہ میں انہوں نے 56 انٹرنیشنل میچز کھیلے، جس کے لیے فٹنس بہت ضروری ہے، اور وہ خود کو فریش رکھنے کے لیے کسی لیگ میں شامل نہیں ہو رہے۔
کپتان نے کہا کہ دباؤ ہر وقت موجود رہتا ہے، لیکن اب وہ کپتانی اور بیٹنگ دونوں کو ساتھ لے کر چلنا سیکھ چکے ہیں، اور بابر اعظم کو ہمیشہ دوست کی حیثیت سے دیکھا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos