جکارتہ میں7منزلہ عمارت میں ہولناک آتشزدگی،22 افراد جاں بحق،متعدد لاپتہ

 

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں سات منزلہ عمارت میں بھڑکنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں 15 خواتین شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد ابھی لاپتہ ہیں۔

پولیس کے مطابق آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ڈرون بیٹری پھٹنے کے بعد لگی، جو چند لمحوں میں اوپر کی منزلوں تک پھیل گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ دوپہر کے وقت شروع ہوئی اور فائر فائٹرز کے پہنچنے تک کئی منزلیں شعلوں کی لپیٹ میں آ چکی تھیں۔

سینٹرل جکارتہ پولیس کے سربراہ سوساتیو پرنومو کونڈرو نے کہا کہ آگ بھڑکنے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے فرانزک تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کی شفاف تفتیش کی جائے گی۔

جکارتہ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 100 سے زائد فائر فائٹرز اور 29 فائر ٹرک آگ بجھانے کے عمل میں شریک تھے۔ پولیس نے بتایا کہ کئی افراد جھلسنے کے بجائے گھنے دھوئیں میں دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئے۔ اب فائر فائٹرز عمارت کو ٹھنڈا کرنے اور مختلف منزلوں سے دھواں صاف کرنے میں مصروف ہیں، جس کے بعد دوبارہ سرچ آپریشن کیا جائے گا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ اب تک 22 متاثرین نکالے جا چکے ہیں، جن میں پانچ مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

یہ واقعہ جکارتہ میں ایک بڑے انسانی اور ماحولیاتی نقصان کی صورت اختیار کر چکا ہے، اور حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں اور ہنگامی امدادی ٹیموں کو کام کرنے دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔