پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی سابقہ اہلیہ، جمائمہ گولڈسمتھ نے ایلون مسک سے عوامی سطح پر اپیل کی ہے کہ ان کے اور عمران خان کے حوالے سے پوسٹس پر عائد رکاوٹیں ختم کی جائیں۔
جمائمہ گولڈسمتھ نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک اور قانونی مشکلات عوام تک پہنچ نہیں رہیں، اور وہ ایلون مسک سے درخواست کرتی ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ پر موجود پابندیاں ختم کی جائیں تاکہ وہ اپنی بات لوگوں تک پہنچا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دونوں بیٹوں کو اپنے والد سے ملاقات یا بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جو کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق گزشتہ 22 ماہ سے غیر قانونی قیدِ تنہائی میں ہیں۔ جمائمہ کا کہنا تھا کہ "ایکس” ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں وہ دنیا کو بتا سکتی ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں، مگر ہر پوسٹ کی پہنچ پاکستان اور عالمی سطح پر تقریباً صفر تک محدود کر دی جاتی ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب عمران خان کی صحت اور قید کے حالات کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔ خاندان کے افراد اور پی ٹی آئی کے حامی بھی ان کے حالات کے حوالے سے شواہد اور وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے عمران خان کی گرفتاری پر شدید تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی قید بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، اور ان کی حراست کا مقصد سیاسی انتخاب میں حصہ لینے سے روکنا ہو سکتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos