بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے پہلے ہی دن جنگ ہار چکا تھا۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ 7 مئی کو ہونے والی تقریباً آدھے گھنٹے کی فضائی جھڑپ میں بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد بھارت کو واضح نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی جھڑپ کے بعد بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو احتیاطاً گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ دوبارہ فضائی کارروائی کی صورت میں پاکستان ائیر فورس طیاروں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔
کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور کے دوران زمینی افواج نے کسی بڑے پیمانے پر پیش قدمی نہیں کی اور چند دنوں میں ہونے والی کارروائی زیادہ تر فضائی حملوں اور میزائل کارروائی تک محدود رہی۔ ان کے مطابق مستقبل کی جنگیں بھی اسی نوعیت کی ہوں گی۔
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایسے حالات میں کیا بڑی تعداد میں فوج برقرار رکھنا ضروری ہے یا فوج سے دیگر ذمہ داریاں لی جا سکتی ہیں۔
پرتھوی راج چوہان نے اپنے بیان پر معذرت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ان کے خیال میں انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔
دوسری جانب ان کے اس بیان نے بھارتی سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل کو جنم دیا ہے اور مختلف سیاسی رہنما ان کے مؤقف پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos